واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا میں کورونا سے صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی، پانچ ہزار ایک سو دس افراد ہلاک اور 2 لاکھ 15 ہزار 215 افراد عالمی وبا کا شکار ہو گئے، ملک میں ضروری طبی سامان کی شدید قلت پیدا ہو گئی۔
امریکا میں کورونا کی وجہ سے صورتحال تباہ کن، پانچ ہزار ایک سو دس افراد ہلاک ہو گئے۔ متاثرین کی تعداد چین، اسپین، اٹلی جیسے ممالک سے دگنا ہو گئی۔ 2 لاکھ 15 ہزار 215 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ حکومت کے پاس ضروری طبی سازوسامان کی شدید قلّت پیدا ہو گئی ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ آنے والے دن قوم کے لیے مشکل ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ دو ہفتے جن کا آغاز ہو چکا ہے، خوفناک جا رہے ہیں۔
نیویارک کے گورنر پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 20 فیصد مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ امریکا نے چین پر اموات چھپانے کا الزام لگا دیا۔ کانگریس ارکان نےانٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر کہا کہ بیجنگ نے دنیا کو گمراہ کیا، اموات بظاہر کم دکھائی جا رہی ہیں۔