امریکہ (جیوڈیسک) امریکی نیوی نے کہا ہے ہیکرز نے ایک لاکھ 34 ہزار سے زیادہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہل کاروں کے سوشل سیکیورٹی نمبر اور دوسرے حساس معلومات تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
اہل کاروں کا ڈیٹا چرانے کا واقعہ امریکی نیوی کے لیے کنٹریکٹر کے طور پر کا م کرنے والی ایچ پی انٹرپراز کے ایک ملازم کے لیپ ٹاپ تک ہیکروں کو رسائی حاصل ہونے سے ہوا۔
بدھ کے روز نیوی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حساس معلومات تک رسائی کرنے والے نامعلوم افراد تھے اور ان کی شناخت کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جن افراد کا ڈیٹا چوری ہوا ہے ان کی راہنمائی کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ چوری کی جانے والی معلومات کو غلط مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔ کنٹریکٹر کمپنی نے امریکی نیوی کو اس چوری کی اطلاع 27 اکتوبر کو دی تھی۔
یہ اس سال امریکہ میں ڈیٹا چوری کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ شناخت کی چوری سے متعلق مرکز کی رپورٹ کے مطابق 2016 میں ڈیٹا چوری کے 901 واقعات ہوئے جن میں تین کروڑ 40 لاکھ لوگوں کی شناخت اور دوسری معلومات چرائی گئیں۔
یہ واقعات سرکاری، مالیاتی، کاروباری، تعلیمی اور صحت سے متعلق اداروں میں پیش آئے۔