ٹیکساس (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو مسافر بردار طیارے گر کر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دو امریکی ریاستوں ٹیکساس اور جنوبی ڈکوٹا میں الگ الگ ہونے والے طیارے حادثوں میں 2 معروف امریکی تاجروں کے خاندان کے سمیت مجموعی طور پر 12 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
ٹیکساس کے شہر سان انٹونیو میں ایک انجن والا مسافر بردار طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران پائلٹ سے بے قابو ہو کرحادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی اور طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔
اسی طرح جنوبی ڈکوٹا میں صحت عامہ اور ادویات کے معروف بزنس مین خاندان کے زیر استعمال طیارہ پلاٹس پی سی-12 بھی گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود خاندان کے 9 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 7 سے 81 سال کے درمیان ہے۔
طیاروں حادثوں کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے سول ایوی ایشن کی جانب سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ امریکا میں نجی چھوٹے طیاروں کے حادثات معمول کی بات ہیں۔ کئی نجی طیارے اپنی میعاد بھی پوری کر چکے ہیں لیکن اب بھی شہریوں کے استعمال میں ہیں۔