لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں و امریکی دھمکیوں پر خاموشی نہیں، جرأتمندانہ اقدام کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام دشمنوں کا ہدف ہے۔ وطن عزیز کے دفاع کے لئے ملک گیر تحریک کے ذریعے قوم کو متحد و بیدار کریں گے۔ امریکہ نے ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔
حکومت و اپوزیشن میں شامل جماعتیں اتحاد کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنائیں۔ 5جون کو اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے جلسہ میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃ الدعوۃ لاہور کے تحت کارکنا ن کی تربیتی نشست اور المحمدیہ سپیشل پرسنز لاہور کے زیر اہتمام ’’فضائل رمضان پروگرام‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جماعۃ الدعوۃ کے ذیلی ادارے المحمدیہ سپیشل پرسنز کے فضائل رمضان پروگرام میں نابینا افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر آنکھوں سے محروم دو سو سے زائد افراد میں رمضان گفٹ تقسیم کیے گئے۔
حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں شکست کے بعد پاکستان میں ڈرون حملے شروع کئے اور ان حملوں کیلئے اس خطہ کا انتخاب کیا جہاں وہ اس جنگ کو مستقل رکھنا چاہتا تھا۔
امریکہ، انڈیا اور اسرائیل کی ایجنسیاں بھی اس سازش میں ملوث ہیں۔ پاکستانی حکمران امریکہ و بھارت کے ناپاک عزائم کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ڈرون حملہ پاکستان پر حملہ ہے۔