امریکا انتخابات: کمالا ہیرس اور مائیک پینس کا مباحثے سے قبل کرونا وائرس کا منفی ٹیسٹ

Mike Pence - Kamala Harris

Mike Pence – Kamala Harris

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزد نائب صدارتی امیدوار کمالا ہیرس کا ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ان کا امریکا کے نائب صدر اور ری پبلکن حریف مائیک پینس کے ساتھ آج بدھ کو مباحثہ ہورہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق مسٹر پینس کا منگل کے روز ٹیسٹ کیا گیا تھا اور اس کا نتیجہ منفی آیا ہے۔وہ کمالا ہیرس کے ساتھ اٹاہ یونیورسٹی کے اسٹیج پر نمودار ہوں گے۔

ان کے درمیان مکالمے کے دوران میں حفاظتی احتیاطی تدبیر کے تحت شیشہ حائل ہوگا۔جوبائیڈن اور کمالا ہیرس کی مہم نے یہ شیشہ لگانے کی درخواست کی تھی لیکن مائیک پینس کی ٹیم نے اس پر اعتراض کیا تھا۔

کمالا ہیرس کا سوموار کے روز بھی کووِڈ-19 کا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور اس کا نتیجہ منفی رہا تھا۔

دریں اثناء کرونا وائرس کا شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ وہ آیندہ ہفتے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے ساتھ مباحثے میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔تاہم ان کے حریف نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اگر صدر بدستور کرونا وائرس میں مبتلا رہتے ہیں تو مباحثہ نہیں ہونا چاہیے۔