امریکا اور یورپی یونین نے روس پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

America, European Union

America, European Union

کیو (جیوڈیسک) یوکرین میں مداخلت کے خلاف امریکا اور یورپی یونین نے روس پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دیں، روس کا کہنا ہے کہ نئی پابندیاں قابل قبول نہیں، بھرپور جواب دیں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے روس کے خلاف مالیاتی پابندیوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور روس کے گیز پروم بینک سمیت اہم مالیاتی اداروں اور توانائی شعبوں کے ساتھ لین دین منسوخ کر دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ امریکا روس پر پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پابندیوں کی فہرست کو مزید توسیع دی جائے گی۔

ادھر یورپی یونین نے روس پر پابندیاں مزید سخت کردی ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یورپی بینکوں کی جانب سے روس میں نئی سرمایہ کاری معطل کر دی گئی ہے۔

نئی پابندیوں کے تحت یورپین انوسٹمنٹ بینک اور بینک آف ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ رو س میں نئی سرمایہ کاری نہیں کرسکیں گے۔ روس نے امریکی پابندیوں کو اشتعال انگیزاور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ روسی نائب وزیر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکی پابندیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔