راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سفیر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو ٹوک اعلان کیا کہ کسی کو خوش کرنے کیلئے نہیں، قومی مفاد میں کام کریں گے، امریکہ سے کوئی امداد نہیں بلکہ اعتماد اور اپنی قربانیوں کا اعتراف چاہتے ہیں۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے بہت کچھ کیا، امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، مشترکہ کوششوں کے بغیر یہ جنگ منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکتی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔
امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا معترف ہے اور افغان مسئلے کے حل میں پاکستان کی مدد اور تعاون چاہتا ہے۔