امریکہ (جیوڈیسک) امریکی محکمۂ برائے ٹرانسپورٹیشن نے جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کی مشہور کمپنی سام سنگ کے گیلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری کے آگ پکڑنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد اس فون کے ساتھ پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمے کے مطابق امریکہ آنے اور امریکہ سے جانے والے تمام مسافر سنیچر کی شام سے سام سنگ کے گیلیکسی نوٹ سیون فونز کو اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے۔
امریکہ کے فیڈریل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے اس سے قبل گیلیکسی نوٹ سیون فونز کو مسافروں کے سامان کے ساتھ پیک کرنے کی مخالفت کی تھی۔
خیال رہے کہ سام سنگ نے گذشتہ ہفتے اپنے جدید ترین سماٹ فون گلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سام سنگ نے یہ فیصلہ صارفین کی جانب سے ان شکایات کے بعد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ گیلیسکی نوٹ سیون کا استعمال محفوظ نہیں کیونکہ اس فون کو آگ لگ جاتی ہے۔
امریکہ کے ٹرانسپورٹ سیکریٹری اینتھونی فاکس نے ایک بیان میں کہا’ ہم یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ پروازوں میں گیلیسکی نوٹ سیون پر پابندی عائد کرنےسے کچھ مسافروں کو پریشانی ہو گی تاہم جہاز پر موجود تمام مسافروں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔’
ان کا مزید کہنا تھا ‘ہم یہ اضافی قدم اس لیے اٹھا رہے ہیں کیونکہ پرواز میں آگ لگنے کا ایک بھی واقعہ مسافروں کو زخمی کرنے کے علاوہ ان کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔’
یاد رہے کہ سام سنگ نے ستمبر میں تقریباً 25 لاکھ گیلیسکی نوٹ سیون فونز چارجنگ کے دوران اس کی بیٹری پھٹ جانے کی شکایات سامنے آنے کے بعد واپس منگوا لیے تھے۔
سام سنگ نے اپنے صارفین کو متبادل فون فراہم کیے تھے جو محفوظ قرار دیے گئے تھے تاہم اب ان متبادل فونز کی بھی بیٹری پھٹے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
ان واقعات کے سامنے آنے کے بعد سام سنگ نے گیلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کرن کا اعلان کیا تھا۔