تہران (جیوڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے اگر امریکہ ایران میں اپنی مداخلت پر معافی مانگ لے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔
انہوں نے یہ بات تہران میں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران کہی۔
روحانی نے اس بات پر زور دیا کہ خطے سے غیر ملکی قوتوں کا انخلا ضروری ہے اور امریکہ کان کھول کر سن لے وہ اپنے ناپاک مقاصد حاصل نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ 40 سال سے امریکہ ایران کو زیر کرنے کے درپے رہا مگر ہر بار اُسے منہ کی کھانا پڑی۔
روحانی نے امریکہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایران کا شیوہ دنیا سے دوستی بڑھانا ہے اور اگر امریکہ ماضی کی غلطیوں اور ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت پر معافی مانگتا ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔