امریکا نے سابق آئی جی سندھ آفتاب نبی کی ہمشیرہ کوڈی پورٹ کردیا

Airport

Airport

کراچی (جیوڈیسک) سابق آئی جی سندھ آفتاب نبی کی ہمشیرہ امریکی امیگریشن حکام کی جانب سے ابوظبی ایئر پورٹ سے ڈیپورٹ ہونے کے بعد پیر کوعلی الصباح کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئیں۔

امریکی حکام نے پاسپورٹ پر امیگریشن آمد کی جعلی مہریں ثبت کرنے پر اخترنبی کا پاکستانی پاسپورٹ اور گرین کارڈبھی قبضے میں لے لیاہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اخترنبی اتحاد ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ سے امریکا کیلیے روانہ ہوئی تھیں۔

امریکی حکومت کی جانب سے نئے انتظام کے تحت دنیابھر سے براستہ ابوظبی جانے والے مسافروں کی امیگریشن ابوظبی ایئرپورٹ پر امریکی امیگریشن کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور ابوظبی سے امریکا کے لیے روانہ ہونے والی پروازکو ڈومیسٹک پرواز تصور کیاجاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اخترنبی نے اعتراف کیا کہ انھوں نے امریکا میں اپنے قیام کو طویل دکھانے کے لیے اپنے پاسپورٹ پرغلط مہرثبت کرائی ہے جس پر امریکی حکام نے انھیں ابوظبی سے واپس پاکستان روانہ کردیا۔

کراچی پہنچنے پر امیگریشن حکام نے انھیں حراست میں لے کر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کر دیا تاہم امریکی امیگریشن حکام کی جانب سے بھیجی جانے والی مبہم دستاویزات اور جعلی امیگریشن مہر کے حامل پاکستانی پاسپورٹ موجود نہ ہونے کی وجہ سے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے انھیں ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی سابق ایم پی اے شمع مٹھانی اور ان کے شوہرعارف مٹھانی کو بھی اسی بنیاد پر امریکی امیگریشن حکام نے ابوظبی ایئر پورٹ سے بے دخل کیا تھا اور ان کے خلاف جعل سازی کے الزام میں انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل میں مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

جوتاحال عدالت میں زیر سماعت ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے کہناہے کہ گرین کارڈکے حامل پاکستانی شہریوں کی جانب سے پاکستان آمدپر امیگریشن کی مہریں ثبت نہ کرانااور بعدکی تاریخوں میں مہر ثبت کرانا ایک معمول ہے۔