لاہور : سربراہ تحریک صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کے سربراہ ہولو کاسٹ کے خلاف متنازعہ آرٹیکل لکھنے پر ہولینڈ سے امریکہ کا معافی مانگنا اور دوسری طرف 3 مئی کو گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا انعقاد کرنا حد درجے کی منافقت اور کمینہ پن ہے۔
اس سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ آزادی اظہار کا ہتھیار صرف مسلمانوں کے خلاف ہی اندھا دھن استعمال کرنا چاہتا ہے۔ 3مئی کو امریکہ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش امت مسلمہ کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
امریکی حکومت کی سرپرستی میں توہین رسالت کی مبینہ کاروائی اسلام کے خلاف اعلان جنگ تصور ہوگی ۔ امریکہ امن عالم کو خطرے میں ڈالنے کی بجائے گستاخان رسول ۖ کو لگام دے۔ اگر امریکی حکومت نے گستاخانہ خاکے شائع کیے تو تحریک صراطِ مستقیم پاکستان 3مئی کو یوم مذمت امریکہ منائیں گے اور امریکہ مردہ باد ریلیاں نکالی جائیں گی۔
یاد رہے کہ 3مئی محافظ ناموس رسالت غازی عامر عبدالرحمٰن چیمہ کی شہادت کا دن ہے اس ہی روز گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان مسلمانوں کو بہت کچھ سوچنے اور کر گزرنے پر مجبور کرتا ہے۔