یقین نہیں امریکہ جرمنی کیخلاف جاسوسی کارروائیاں بند کر دیگا: جرمن چانسلر

 Angela Merkel

Angela Merkel

برلن (جیوڈیسک) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے اس بات پر شکوک شبہات کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ جرمنی کے خلاف جاسوسی کی کارروائیاں ترک کر دے گا۔

ایک انٹرویو میں جرمن چانسلر نے جرمنی کے خلاف جاسوسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی سکیورٹی سروسز امریکی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گی۔

مرکل نے کہاکہ میں سمجھتی ہوں کہ امریکیوں کو قائل کرنا آسان نہیں ہے کہ وہ اپنی انٹیلی جنس سروسز کے طریقہ کار کو مکمل طور پر تبدیل کریں۔میں اس بات کی پیش گوئی نہیں کر سکتی لیکن میں یہ اْمید ضرور کرتی ہوں کہ تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ساتھ کام کرتے ہوئے ہمیں ہر وقت یہ بات مدِ نظر رکھنی ہوتی ہے کہ کہیں ہمارے سامنے بیٹھا فرد ممکنہ طور پر بیک وقت کسی اور کے ساتھ تو کام نہیں کر رہا، میرے نزدیک ایسا تعلق قابلِ بھروسہ نہیں۔ مرکل کا کہنا تھااس حوالے سے ہمارے نظریات مختلف ہیں۔