تہران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران بھر میں قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر سوگ منایا جا رہا ہے جب کہ ایران کے سپریم کمانڈر اور صدر کے بعد اب پاسداران انقلاب کے ترجمان نے امریکا کو بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ہزاروں افراد دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر نکل آئے اور امریکا کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکی حملے کو وحشیانہ جرم قرار دیتے ہوئے جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
جب کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی اپنے بیان میں کہاکہ جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کے خلاف کھڑا ہونے کے عظیم ایرانی قوم کے پختہ عزم کو دگنا کردیا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کے اس وحشیانہ جرم کا انتقام لیا جائے گا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی حملے کے بعد طاقت کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔
خیال رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کےکمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق ہو گئے ہیں۔
قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی کو قدس فورس کا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔