نئی دہلی (جیوڈیسک) امریکہ مقبوضہ کشمیر میں عسکری تنظیموں کے خلاف بھارت کی مدد کر رہا ہے، امریکہ کی طرف سے عسکری تنظیموں کے خلاف معلومات بھارت کو فراہم کی جا رہی ہے امریکہ نے کشمیری عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے ای مےل اکاﺅنٹس بارے 78 صفحات پر مشتمل رپورٹ بھارت کو فراہم کر دی ہے۔
امریکی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گےا ہے کہ وادی میں حزب المجاہدین کے نام سے 23 انتہائی متحرک ای میل اکاونٹس میں سے 11 پاکستان سے چلائے جارہے ہیں اور ان میں سے 4 اکاونٹس پاکستان کے موبائل نمبرز استعمال کر کے بنائے گئے۔ 2اکاﺅنٹ امریکہ اور 2ممکنہ طور پر بھارت میں بنائے گئے ہیں۔
ان اکاﺅنٹس میں بھی پاکستانی فون نمبر درج ہیں۔ بھارتی وزارت داخلہ نے بھارت امریکہ مشترکہ قانونی معاونت کے معاہدے کے تحت حکومت امریکہ سے جموں کشمیر میں عسکری تنظیموں بالخصوص حزب المجاہدین کے ای میل اکاﺅنٹس بارے تفصےلات طلب کی تھےں۔ بھارت نے امریکہ سے کہا تھا اس طرح کے ای میل اکاﺅنٹس میں سے زیادہ تر کے سرور امریکی حدود میں ہیں، لٰہذا ان کے بارے میں ضروری تفاصیل فراہم کی جائیں۔
وزارت داخلہ نے اس طرح کی درخواستیں اگست 2014ءاور جنوری 2015ءمیں امریکہ سے کی تھیں۔ جواب میں امریکی وزارت انصاف نے ان ای میل کھاتوں کے تعلق سے تمام تراہم تفصیلات بھارت کو پیش کی ہیں جن میں ای میلز کی ترسیل اور چیٹنگ وغیرہ شامل ہیں۔