امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے۔ پروفیسر ساجد میر
Posted on October 26, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور : مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے، اس نے ہمیشہ پاکستان پر بھارت کے مفاد کو ترجیح دی۔ نواز شریف سے ملاقات میں اوبامہ نے بھارتی وکیل کا کردار داکیا۔ ڈرون حملوں، ڈاکٹر عافیہ اور مسئلہ کشمیر پر پاکستانی نقطہ نظر پر امریکہ نے سنجیدگی نہ دکھائی تو دونوں ممالک کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ قوم نوازشریف اور اوبامہ کی ملاقات کے مثبت نتائج کی منتظر ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں مسئلہ کشمیر اور ڈرون حملوں کا تذکرہ نہ ہو نا پوری قوم کے لیے مایوس کن ہے۔جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اصل مسائل کو ملاقات کے ایجنڈہ میں شامل نہ کرکے یہ واضح پیغام دیا گیا کہ امریکہ کو بھارت کی طرف سے پیدا کردہ مسائل کے حل سے کوئی سروکار ہے نہ وہ ڈرون حملوں سے متعلق اپنی پالیسی کیخلاف کوئی بات سننا چاہتا ہے۔
ملاقات میں اٹھائے گئے غیرمتعلقہ ایشوز ہماری سفارت کاری کی ناکامی ہے۔بھارت کی جانب سے اب تک کی گئی کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں اور کراچی اور بلوچستان میں بھارتی ایجنسی کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے معاملات سے امریکی صدر کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ بلاشبہ دہشت گردی کا ناسور ہماری معیشت کی تباہی پر منتج ہو رہا ہے جس پر امریکہ کو اپنی سلامتی کے حوالے سے تشویش ہے تو ڈرون حملوں کی بنیاد پر پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی ہماری سلامتی کیلئے بھی سنگین خطرے کا باعث بن رہی ہے۔ اسکے تدارک کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کرنا اور انٹیلی جنس شیئرنگ پر متفق ہونا یقینا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے مگر جس طرح امریکہ کو اپنی سلامتی عزیز ہے اسی طرح ہمیں بھی اپنی سلامتی عزیز ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک خاص وقت میں امریکہ ہماری سلامتی کے تقاضوں کو نہیں سمجھتا اور ڈرون حملے، بھارت نوازی کا مسلسل مظاہرہ کرتا رہتا ہے تو ہمیں اپنی خارجہ پالیسی کا ازسرنو جائزہ لے کر قومی امنگوں کے مطابق پالیسی اپنا نا ہو گی۔ دریں اثنا انہوں نے جماعة الدعوة کے راہنما حافظ سیف اللہ منصور کی ٹریفک حادثہ میں وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہا ر کیا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com