اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے بڑھتے ہوئے دفاعی بجٹ پر شدید تشویش ہے جس کا اظہار امریکا سے بھی کر دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع آصف یاسین نے مختلف امور پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکی حکام سے ملاقات کے دوران 2014 میں نیٹو افواج کی واپسی کے بعد کی صورتحال پر بات کی۔
جس میں انہوں نے یہ واضح کر دیا کہ افغانستان میں دو طرفہ سیکیورٹی معاہدہ نہ ہونا امریکا کے لیے خطرناک بات ہو گی، امریکی فوجی افغانستان میں حکومت کے ساتھ معاہدے کے بغیر نہیں رہ سکتے، اس کے علاوہ امریکا پر واضح کر دیا گیا ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ افغانستان میں اگر صورتحال خراب ہوئی تو مزید افغان مہاجرین پاکستان آ سکتے ہیں۔