تہران (جیوڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف تنہا کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے کے قابل نہیں ہے اگر قابل ہوتا تو اپنے اتحادیوں کی مدد نہ لیتا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا ایران پر اقتصادی پابندیاں لگا کر اسے تنہا کرنا چاہتا ہے اور مالیاتی دباؤ کے ذریعے ایرانی قوم کو حکومت کے خلاف کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کی مدد سے ایران میں انتشار پیدا کر رہا ہے اور چاہتا ہے کہ ایرانی قوم حکومتی نظام سے باہر نکل آئے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود امریکا اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ ایران کے خلاف کوئی کارروائی کرے اگر امریکا کارروائی کرنے کے قابل ہوتا تو خطے میں اپنے اتحادیوں کی مدد نہ لیتا۔
خامنہ ای کا مزید کہنا تھا کہ پہلے بھی 6 امریکی صدور ایران کو دباؤ میں لانے کی ناکام کوشش کرچکے ہیں اور اب بھی امریکا اپنی کوششوں میں ناکام رہے گا۔