واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ایٹمی ڈیل پر کوئی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ایٹمی مذاکرات مشکل، براہ راست اور سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔
اومان میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے اختلافات کو ختم کرنے، باہمی عدم اعتماد کو دور کرنے اور 12 ماہ سے تعطل کا شکار سفارتی کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
مذاکرات کے اختتام پر دونوں رہنمائوں نے بات چیت میں اس بات کا اظہار کیا کہ ایٹمی معاملے پر دونوں ممالک بالآخر کسی حتمی معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔ دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا۔
کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان اومان میں جاری مذاکرات مشکل اور سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔ واشنگٹن سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ساری توجہ بات چیت کے مرحلے کو آگے لے جانے پر ہے اور حتمی معاملات طے ہونے کے لیے ابھی وقت باقی ہے۔