نیو یارک (جیوڈیسک) امریکا میں نسلی تفریق کے خلاف آواز اٹھانے والے مشہور سیاہ فام امریکی مارٹن لوتھر کنگ کو دنیا سے گزرے سینتالیس برس بیت گئے ، آزادی کا علمبردار امریکا آج بھی مارٹن لوتھرکنگ کے خواب کی تعبیر ڈھونڈنے میں ناکام ہے ۔
“آئی ہیو اے ڈریم” کے نام سے امریکا میں ساٹھ کی دہائی میں سیاہ فاموں کے حقوق اور رنگ و نسل کے امتیازی سلوک کے خلاف ایک آواز بلند ہوئی جس نے پورے امریکا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ 28 اگست 1963 کو مارٹن لوتھر کنگ کے خواب ، سچائی اور خود ان کے لہجے نے امریکی عوام پر سحر طاری کر دیا ۔ امریکا میں سیاہ فام آبادی کی ترقی ، خوشحالی اور برابری کا خواب دیکھنے والے مارٹن لوتھر کنگ کو 47 برس پہلے 4 اپریل 1968 کو قتل کر دیا گیا جس سے ایک بار پھر امریکا میں نسلی بنیادوں پر فسادات کی لہر دوڑ گئی ۔ آزادی کا علمبردار امریکا آج بھی عظیم رہنما مارٹن لوتھر کنگ کے خواب کی تعبیر کیلئے سرگرداں ہے ۔