واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے نازیوں کو سرد جنگ کے جاسوسوں کے طور پر استعمال کیا۔ امریکا کی خفیہ دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ ملک کے انٹیلیجنس سربراہوں نے دوسری جنگ عظیم کے بعد نازیوں سے جاسوس اور مخبر کے طور پر کام لیا۔
امریکا کی منظر عام پر آنے والی خفیہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے سرد جنگ کے دوران سوویت یونین کو شکست دینے کے لئے سابق دشمنوں کی مدد لی اور 1000 سابق نازیوں کو اپنے مقصد کے لئے استعمال کیا۔ ان میں سے کئی افراد نے نازی پارٹی میں اعلیٰ عہدوں پر کام کیا تھا۔
ایک سابق نازی افسر جو نازی پارٹی کی پالیسی سازی میں شامل تھا اس کا کہنا ہے کہ اس سے یورپ میں جاسوسی کرائی گئی اور وفاداری اور خدمات کے صلہ میں اسے 1950 میں نیویارک میں رہائش دی گئی۔
ایک اور نازی جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ لیتھوانیا میں ہزاروں یہودیوں کے قتل میں ملوث تھا، اسے مشرقی جرمنی میں جاسوس کے طور پر بھرتی کیاگیا اور بعد میں اس نےبوسٹن میں زندگی گزاری۔