واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے شمالی کوریا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس کا دشمن نہیں اور وہ شمالی کوریا کی حکومت کو گرانے کی کوششیں نہیں کر رہا۔
گزشتہ روز واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن نے واضح کیا کہ امریکہ نہ تو شمالی کوریا کی حکومت گرانا چاہتا ہے اور نہ ہی اس کا حکومت کی تبدیلی کا کوئی ارادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ جزیرہ نماکوریا کا فوری اتحاد بھی نہیں چاہتا اور نہ ہی اپنے فوجی دستے شمالی کوریا بھیجنا چاہتا ہے۔
ریکس ٹلرسن نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کبھی نہ کبھی شمالی کوریا کو سمجھ آجائے گا کہ امریکہ ان کے ساتھ بات چیت کرنے کا خواہش مند ہےلیکن ساتھ ہی امریکی وزیرِ خارجہ نے شمالی کوریا کو ایک ناقابلِ قبول خطرہ قرار دیتےہوئے واضح کیا کہ اگر شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیار برقرار رکھنے پر مصر رہا تو امریکہ نہیں سمجھتا کہ اس کے ساتھ بات چیت کا کوئی نتیجہ برآمد ہوسکتا ہے۔
ٹلرسن نے چین پر بھی زور دیا کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ اپنے خصوصی معاشی اور تجارتی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے اس پر دباؤ بڑھائے۔