اسلام آباد (جیوڈیسک) ملا اختر منصور کی ہلاکت کی اطلاعات پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ڈرون حملے کے بعد معلومات پاکستان کے ساتھ شیئر کیں، ہفتے کی صبح کئے گئے حملے کے بارے میں وزیر اعظم اور آرمی چیف سے معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔
امریکا نے بتایا کہ ڈرون حملے میں ملا اختر منصور کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اب تک کی معلومات کے مطابق گاڑی پاک افغان سرحد کوشکی پر تباہ شدہ حالت میں ملی، حملے میں ہلاک ہونے والا شخص ولی محمد پاکستانی شہری تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں۔ چار ملکی گروپ کے پانچویں اجلاس میں طے ہوا تھا کہ افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ملا اختر منصور کے مارے جانے کی تصدیق سے گریز کیا۔