کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو امریکی ریاست لاس اینجلس (کیلیفورنیا) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسل جنرل عبدالجبار میمن نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی متحد و یکجا ہے اور اس کا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے جبکہ سب کا مقصد پاکستان کی ترقی ‘ خوشحالی اور نیک نامی ہے جس کیلئے ہر ایک آرگنائزیشن اپنی جگہ بہترین کارکردگی کی حامل ہے۔
جبکہ یہ بھی حقیقت ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے پاکستان کو ترقی کی کہکشاؤں تک لیجانے کا عزم کرکے ترقی کی جانب گامزن کردیا ہے اور جنرل راحیل شریف کے دہشتگردوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے عزم کی تکمیل کیلئے فوج ملک بھر میں دہشتگردی کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے بیمثال قربانیاں پیش کررہی ہے اور اس نے دہشتگردی و بد امنی کا زور توڑ کر امن قائم کردیا ہے جس کیلئے قوم فوج کوسلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقار علی خان جیو کے پروگرام سفیر پاکستان کے ذریعے پاکستان اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے درمیان دوطرفہ رابطہ کو مستحکم بنائے ہوئے ہیں جس کیلئے کمیونٹی اور حکومت پاکستان دونوں ہی ان کے شکر گزار ہیں جبکہ آج کے پروگرام کی آرگنائزنگ اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے بھی وقار علی خان اور جیو کے پروگرام سفیر پاکستان کا کردار قابل توصیف و ستائش ہے ۔مذکورہ پروگرام کونسل جنرل عبدالجبار میمن کی رہائشگاہ پر منعقد کیا گیا جس کیلئے رہائشگاہ کو نہ صرف برقی قمقموں اور پاکستانی پرچموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا بلکہ قائد اعظم ‘ علامہ اقبال ‘ سر سید احمد خان ‘ مولا نا محمد علی جوہر ‘محترمہ فاطمہ جناح ‘ سر سلطان شاہ محمد آغا خان ‘ چوہدھری رحمت الٰہی ‘بلوچ رہنما جمالی ‘ سردار عبدالرب نشتر اور دیگر بانیان پاکستان و تحریک پاکستان کے قائدین و رہنماؤں کی کی تصاویر پر مبنی بڑے بڑے بینرز سے آویزاں کیا گیا ۔تقریب میں مختلف ممالک کے کونسل جنرل اور پاکستان و امریکہ سے تعلق رکھنے والی سیاسی ‘ سماجی ‘ ثقافتی ‘ اقتصادی ‘ کاروباری ‘ تجارتی ‘ علمی ‘ ادبی شخصیات اور ڈاکٹرز’ انجینئرز ‘ بزنس مین ‘ تاجر ‘ شاعر اور دانشوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کیونکہ امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار یوم پاکستان کی تقریب میں کمیو نٹی کے ہر فرد کو مدعو کیا گیا تھا اور شرکاء نے جیوے جیوے پاکستان کے نغمے گانے کے علاوہ شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کیا جبکہ حبیب ولی محمد کے صاحبزادے رضوان ولی محمد نے ” اے نگار وطن تو سلامت رہے ” گاکر محفل میں سماں باندھ دیاجس کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ایوارڈ بھی دیا گیا ۔تقریب کے اختتام پر کونسل جنرل عبدالجبار میمن نے تقریب کے شرکاء اور بالخصوص عباس کھوکھر و سفیر پاکستان جیو کے وقار علی خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔