واشنگٹن (جیوڈیسک) پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ امریکا توانائی، دفاع اور انسداد دہشت گردی کیلئے مدد فراہم کرے گا۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان سے اتحادی فوج کے انخلا کے بعد وہاں پر کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑے گا۔
واشنگٹن سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی اشتراک علاقائی اور عالمی سیکورٹی کیلئےاہم ہے۔
امریکا توانائی، دفاع اور انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کو مدد فراہم کرے گا۔ دونوں ملک تعلیم کے شعبے میں عوامی رابطوں اور تعاون کو فروغ دیں گے۔ پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے طویل مدتی مفادات مشترک ہیں۔
انہون نے کہا افغانستان میں اتحادی افواج کی موجودگی ضروری ہے۔انخلا کے بعد وہاں پر کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑے گا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مطالبہ کیا کہ امریکا یورپی یونین کی طرز پر پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک رسائی دے۔اس سے پہلے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات ہوئے۔
پاکستان کی نمائندگی مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیر اعظم نواز شریف کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان خوشحال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طاقت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ترقی کی دوڑ میں خواتین اور اقلیتیوں کو بھی شامل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بننے میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔