امریکا پاکستان کی امداد جاری رکھے گا : سفیر رابن رافیل

Robin Raphael Sartaj Aziz

Robin Raphael Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے لیے امریکا کے غیر عسکری ترقیاتی پروگراموں کی رابطہ کار سفیر رابن رافیل نے رواں ہفتے اسلام آباد میں اعلیٰ پاکستانی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔

سفیر رابن رافیل نے وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ امریکی عہدیدار نے دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کے حالیہ آپریشن کو سراہا۔ سفیر رابن رافیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔

خاص طور پر انھوں نے معیشت اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سفیر رابن رافیل نے رواں ہفتے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی تھی جس میں اقتصادی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔