اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ احترام اور اعتماد کی بنیاد پر تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کی۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات کی بحالی کے حوالے سے سوال پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ وہ شروع سے ہی پُرامید ہیں اور ایک اسپورٹس مین ہمیشہ پرُ امید رہتا ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میری حکومت کا ایجنڈا انسانی ترقی اور غربت کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں علاقائی امن و استحکام بنیادی جزو ہیں۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ احترام واعتماد کی بنیاد پر تعلقات کو مستحکم بنانے کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ہمسایوں سمیت خطے کے ممالک کے ساتھ امن پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔
امریکی سیکریٹری خارجہ دورہ پاکستان کے بعد بھارت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
مائیک پومپیو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔
مائیک پومپیو نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں سفارتی اور ملٹری ٹو ملٹری تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔