سعودی عرب (جیوڈیسک) حال ہی میں امریکا میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی قوم سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے امریکی صدر کو برقی پیغامات میں امریکا کی کئی ریاستوں میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔
شاہ سلمان کی طرف سے امریکی صدر کو بھیجے گئے برقی پیغام میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت اور قوم کو دوست ملک امریکا میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بے پناہ جانی اور مالی نقصان پر دکھ ہے۔ سعودی عرب مشکل کی اس گھڑی میں امریکا کے ساتھ ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے بھی امریکی صدر کو برقی پیغام بھیجا گیا جس میں ان سے امریکی ریاستوں میں آنے والے خوفناک طوفان پر دکھ اور متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکا کی کئی ریاستوں میں آنے والے خوفناک سمندری طوفان کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔ سمندری طوفان کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا ہے۔