امریکا سے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی بات کر سکتے ہیں: وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی اور عافیہ صدیقی کے تبادلے پر امریکا سے بات چیت کر سکتے ہیں۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شکیل آفریدی کا درجہ پاکستان میں جاسوس کا ہے۔

اسامہ بن لادن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکا کے اتحادی تھے، اسامہ بن لادن کی گرفتاری میں پاکستان کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ صاف گو انسان لگے جو لفظوں کی ہیرا پھیرا نہیں کرتے، میرا پورا وفد بھی میٹنگ سے بہت خوش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام 4 دہائیوں سے خانہ جنگی سےمتاثر ہیں، افغانستان کو امن کی ضرورت ہے، طالبان کو حکومت کا حصہ بن کر عوام کی نمائندگی ملنی چاہیے، طالبان کے ساتھ حالیہ امن مذاکرات اب تک کے کامیاب ترین مذاکرات رہے ہیں، طالبان ایک مقامی تحریک ہے، وہ کسی ملک کے لیے خطرہ نہیں، امریکا کو طالبان سے کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کا مسئلہ حل نہ ہوا تو داعش نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، ایران کے مسئلے پر مصالحت کے حق میں ہیں اور اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، جنگ سے پہلے ہی خطہ متاثر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔