کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائدوچیئرمین امیر پٹی نے قومی و بین الاقوامی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر بارک اوبامہ کی جانب سے سانحہ لاہور پر اظہار افسوس ‘ سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے کے عزم کے اظہار کے ساتھ اس جنگ میں پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا یقینا پاکستان اور اس کے پر امن عوام کیساتھ حکومت اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے مثالی و تاریخی قربانیاں دینے والے افواج پاکستان و عسکری قیادت کیلئے بھی حوصلہ افزا ہے مگر اپنے اس عزم و خلوص کی صداقت کو امریکہ کو اپنے کردار عمل سے ثابت کرنا ہوگا اور اس بات کو تسلیم کرنا ہوگا۔
پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی میں بھارت کا کردار انتہائی اہم ہے جس کا ثبوت بلوچستان سے بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہے جس نے بہت سے رازوں اور بھارتی سازشوں سے پردہ اٹھایا ہے جس کے بعد بھارت کیخلاف پاکستانی تحفظات کانوٹس لیتے ہوئے دہشتگردی کے مرتکب بھارت کو سخت پیغام دینا ہوگا۔
کیونکہ اسی سے امریکہ کا خلوص بھی ثابت ہوگا اور بھارت کے جارحانہ و دہشتگردانہ عزائم کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی جس سے پاکستان میں یقینا دہشتگردی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی اور افواج پاکستان کیلئے ملک میں امن قائم کرنا آسان ہوجائے گا۔