امریکا: جنوب مشرقی ریاستوں میں شدید برفانی طوفان سے نظام زندگی منجمد

Snow Strome

Snow Strome

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی جنوب مشر قی ریاستوں میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی منجمد کر دیا ہے، پانچ ہزا سے زائد پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں، مختلف واقعات میں اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ریاست واشنگٹن سے کنیٹی کٹ تک سفیدی کا راج ہے۔ تیز ہواوں اور شدید برف باری کے باعث زمینی اور فضائی ٹریفک شدید متاثر ہوا ہے۔ پانچ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

خراب موسم کے باعث سڑکوں پر سینکڑوں حادثات پیش آئے۔ ریاست جارجیا، شمالی اور جنوبی کیرولائنا کے لاکھوں افراد اب تک بجلی سے محروم ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست پنسلوانیا سے مین تک بیس سینٹی میٹر سے زائد برف پڑ چکی ہے۔

دارلحکومت واشنگٹن میں تیس سینٹی میٹرسے زائد برف باری رکارڈ کی جا چکی ہے جس کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے شہر میں اسکول، کاروبار اور دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔ بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

واشنگٹن میں دو ایئر پورٹ بھی بند کردیے گئے ہیں۔ نیویارک شہر بھی برف کی چادر اوڑھے ہوئے ہے۔ شہری کرسمس کے بعد ویلنٹائن ڈے کے موقع پر بھی سفری مشکلات کا شکار ہونے پر اداس ہیں۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق برفانی طوفان کا رخ اب شمال مشرقی ریاستوں کی جانب ہے۔