لاہور (جیوڈیسک) گلوکارہ شبنم مجید نے کہا ہے کہ امریکا کا ٹور کامیاب رہا جس میں اپنے مقبول گیتوں کے علاوہ ملکہ ترنم نور جہاں کے گانے بھی سنائے۔ وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ شبنم مجید نے کہا کہ امریکا میں کافی دیر بعد گئی تھی اور وہاں پر مجھے جس طرح سے پذیرائی ملی اس پر رب کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ شناخت اور مقبولیت پاکستان کی وجہ سے ہے، جب میرا تعارف ایک
پاکستانی گلوکارہ کی حیثیت سے ہوتا ہے تو بیحد خوشی ہوتی ہے۔ شبنم مجید نے کہا کہ امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہونیوالے شوز میں پاکستانیوں کے علاوہ بھارتی اور دیگر ایشیائی ممالک کے لوگ بھی شریک تھے جو میرے گانوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ انھوں نے کہا کہ ملکہ ترنم نورجہاں کی زبردست فین ہوں اور شوز میں ان کے مقبول گیت گا کر انھیں ٹریبیوٹ پیش کیا، میرے لیے اور بھی زیادہ خوشی کی بات تھی کہ بھارت کے علاوہ دیگر ایشیائی ممالک کے لوگ بھی ملکہ ترنم نورجہاں کے پرستار تھے جنہوں نے فرمائش کر کے ان کے گیت سنے۔