امریکا: دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر، انیس سفارت خانے بند

U.S.

U.S.

امریکا نے افریقا اور مشرق وسطی میں اپنے انیس سفارت خانے بند کرنے کی مدت دس اگست تک بڑھا دی ہے۔ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر متعدد ملکوں میں امریکی سفارت خانے اتوار کو بند رہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین سائکی نے کہا کہ مشرق وسطی اور افریقا میں امریکی سفارت خانے دس اگست تک بند رکھے جائیں گے۔ ایسا کسی دھمکی کی وجہ سے نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ مصر ،اردن لیبیا ،سعودی عرب،خرطوم ،کیگلی ،پورٹ لوئس اور کویت سمیت دیگر ملکوں میں انیس سفارت خانے بند رہیں گے جبکہ کابل ،بغداد ،ڈھاکہ اور الجیریا سمیت دیگر ملکوں میں امریکا کے سفارت خانے آج کھلے رہیں گے۔

امریکا نے گزشتہ روز القاعدہ کے حملوں کے خدشے کے پیش نظر مشرق وسطی اور افریقا سمیت کئی مسلم ممالک میں اپنے اکیس سفارت خانے اور قونصلیٹ بند رکھے تھے۔ دوسری جانب فرانس نے بھی اپنے سفارت خانے آئندہ چند روز تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی اور برطانیہ نے پہلے ہی یمن میں اپنے سفارت خانے چار اور پانچ اگست کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔