امریکہ اور مغرب نے مذموم مقاصد کیلئے افغانستان کو جنگ کی آگ میں جھونکا : کرزئی

Hamid Karzai

Hamid Karzai

کابل (جیوڈیسک) افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکہ اور مغرب نے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے افغانستان کو جنگ کی آگ میں جھونکا ہے۔

ایرانی ریڈیو کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جنگ امریکہ اور مغرب کی سازش کا نتیجہ ہے جس کے نتیجے میں افغان عوام کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔

حامد کرزئی نے کہا کہ 13سالہ دور حکومت کے دوران میں نے ملک اور عوام کیخلاف ہونیوالی سازشوں کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغرب کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا،افغانستان کیساتھ امریکہ اور نیٹو کے اختلافات کا باعث بنا۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام کا قتل عام ملک پر سابق سویت یونین کی جارحیت کے زمانے سے شروع ہوا جو آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر حکومت کی تمام ذمہ داریاں نئے صدر کے حوالے کر دی جائینگی۔