ماسکو (جیوڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ امریکا پوری دنیا پر اپنی حکمرانی قائم کرنا چاہتا ہے۔
سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر بارک اوباما کے اسٹیٹ آف دی یونین کے سالانہ خطاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا بین الاقوامی معاملات میں اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارک اوباما کی تقریرسے واضح ہوتا ہے کہ امریکا نے محاذ آرائی کا راستہ چن لیا ہے اور ان کے دل میں صرف ایک ہی بات ہے کہ ہم نمبر ون ہیں اور دنیا کو ہماری حکمرانی تسلیم کر لینی چاہیئے۔
امریکی صدر بارک اوباما کی جانب سے کریمیا کے معاملے میں روس کو تنہا قرار دینے کے بیان پر روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا یہ نقطہ نظر زمینی حقائق کے برخلاف اور گھسا پٹا ہے، روس کو تنہا کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ آف دی یونین کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر بارک اوباما نے یوکرین میں مداخلت کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ روس پوری دنیا سے تنہا ہو کر رہ گیا ہے۔