واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) معروف امریکی اداکار و فلم ساز جینیفر انیسٹن نے انسٹاگرام پر ڈیبیو کرتے ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ اداکارہ نے چند روز قبل انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا اور اس پر اپنے ساتھی اداکار و اداکاراؤں کے ساتھ ایک تصویر بھی شئیر کی۔
جینیفر انیسٹن کی انسٹاگرام پر انٹری کی خبر ان کے مداحوں میں آگ کی طرح پھیل گئی اور صرف 5 گھنٹے، 16 منٹ میں ہی ان کو فالو کرنے والوں کی تعداد 10لاکھ تک جا پہنچی اور اس تعداد نے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ تیزی سے ایک ملین فالوورز تک پہنچنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
اداکارہ نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے اکاؤنٹ کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے گزشتہ برس انسٹاگرام پر ڈیبیو دیتے ہی5 گھنٹے اور 45 منٹ میں 10 لاکھ فالوورز حاصل کیے تھے۔
معروف امریکی ویب سیریز ’فرینڈز‘ میں اداکاری کرنے والی 50 سالہ جینیفر انیسٹن نے جیسے ہی انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنا کر تصویر اپ لوڈ کی تو ان کے چاہنے والوں نے فوراً انہیں فالو کیا اور ان کی تصویر کو پسند کیا۔
مداحوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ انسٹاگرام ایپ کو خرابی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے کافی سارے لوگ انہیں فالو نہیں کر سکے۔
انسٹاگرام کی جانب سے فوراً ہی ایپ کی خرابی کا نوٹس لیا گیا جسے جلد ہی فعال کیا گیا۔ جس کے بعد ’گینیز ورلڈ ریکارڈ‘ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جینفر انیسٹن انسٹاگرام پر آتے ہی سب سے زیادہ فالوورز حاصل کرنے والی شخصیت بن گئی ہیں۔
یہ عالمی ریکارڈ سب سے پہلے پاپ اسٹار کینگ ڈینیل نے بنایا تھا جنہوں نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بناتے ہی 11گھنٹے اور 36 منٹ میں 10 لاکھ فالوورز حاصل کیے تھے جسے بعد ازاں برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ نے توڑا، اور اب یہ تیسری مرتبہ ہوا ہے کہ انسٹاگرام پر آتے ہی کم وقت میں جینیفر انیسٹن نے 10 لاکھ فالوورز حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
اب امریکی اداکارہ جینیفر انیسٹن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالورز کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔