امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

American Ambassador

American Ambassador

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے ڈرون حملے کے نتیجے میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور امریکی حکومت کے لئے احتجاجی مراسلہ بھی ان کے حوالے کیا ہے۔ سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ان سے ڈرون حملوں پر شدید الفاظ میں احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات کو جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور امریکا کا شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا پاکستان نے ہمیشہ ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے اور یہ معاملہ امریکا اور اقوام متحدہ کے سامنے بھی اٹھایا ہے کیونکہ یہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہیں۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز امریکا نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود اپنے 4 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔