کراچی (جیوڈیسک) امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور قونصل جنرل برائن ہیگ کی قیادت میں امریکی وفد نے آج کراچی پورٹ ٹرسٹ کے صدر دفتر کا دورہ کیا اور چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ وائس ایڈمرل شفقت جاوید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مشترکہ نوعیت کے پراجیکٹس اور کئی امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر چیئرمین کراچی بندرگاہ نے وفد کی توجہ بندرگاہ کے مختلف امور کی طرف گامزن کرائی جس میں بندرگاہ کی کارکردگی اور بندرگاہ کے خطیر لاگت والے منصوبوں سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہیں۔
چیئرمین شفقت جاوید نے امریکی وفد کی توجہ بندرگاہ کے قدیم اور قیمتی اثاثے کی جانب مبذول کرائی اور بتایا کہ کے پی ٹی گہرے پانی کی بندرگاہ تیار کررہی ہے جس کے بعد بندرگاہ کی کارگو ہینڈلنگ کی استطاعت میں بے پناہ اضافہ ہوگا،نئی بندرگاہ پر بڑے جہاز لنگر انداز ہو سکیں گے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے مستقبل کے منصوبوں بالخصو CABLE STAY BRIDGE کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نئی بندرگاہ کو کارگو ویلیج، ناردرن بائی پاس اور لیاری ایکسپریس وے کے ملاپ کا ضامن ہوگا جس سے کارگو کی بندرگاہ سے جلد اور فوری ترسیل بھی ممکن ہو سکے گی اور ان سب کے باعث بندرگاہ نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کر سکے گی بلکہ بیرونی ممالک کے ٹرانزٹ کارگو کو بھی ہینڈل کر سکے گی۔