لاہور (جیوڈیسک) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ، امریکی سفیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں جمہوری عمل کو مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔
لاہور میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر کسی کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے تاہم حکومت نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔
اس سے پہلے گورنر پنجاب اور امریکی سفیر کے درمیان پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ امریکی سفیر نے واضح کیا کہ امریکہ کی سپورٹ کسی مخصوص فرد کے لئے نہیں بلکہ جمہوریت ، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لئے ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان میں جمہوری عمل پر عوام کا بھرپور اعتماد ہے۔