اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکن ایتھین کمپنی اور جنرل الیکٹرک پاکستان کے نمائندگان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد نے وزیراعظم پاکستان کے خصوصی سفیر جاوید ملک کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں 6000 میگاواٹ پر مشتمل گیس پاور پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا تا کہ پاکستان کو توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد کی جا سکے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی سفیر جاوید ملک نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر تمام ممکنہ ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ وزیر اعظم نواز شریف ذاتی طور پر ان تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے متعدد عالمی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا امریکی تجارتی وفد کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں لانے کا مقصد دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو براہ راست ملاقات کر کے کاروباری شراکتوں پر غور کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔امریکا کے تجارتی وفد کے اراکین نے کہا کہ ایتھین قدری گیس کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایتھین گیس تیل اور کوئلے کے مقابلے میںبجلی پیدا کرنے کا ایک سستا اور ماحول دوست ذریعہ ہے جو خاص طور پر ان علاقوں کے لیے موزوں ہے جہاں گیس کا نیٹ ورک موجود نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایتھین کمپنی جنرل الیکٹرک پاکستان کے اشتراک سے پاکستان میں 6000 میگاواٹ کا گیس پاور پلانٹ لگانے پر غور کر رہی ہے جس سے پاکستان کو توانائی بحران کو کم کرنے میں کافی مدد ملے گی۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر کے صدر مزمل حسین صابری نے امریکی وفد کو توانائی سمیت پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی چند مشہور تیل و گیس کمپنیا ں پاکستان میں کام کر رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش پالیسیاں بنائی ہوئی ہیں اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن تحفظ فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک تیل و گیس کے ذخائر کو پوری صلاحیت کے مطابق دریافت نہیں کیا گیا لہٰذا یہی مناسب وقت ہے کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقع تلاش کریں جس سے ان کو عمدہ نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں امریکی سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔