واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے کا منصوبہ بنانے والاشخص اوہائیو سے پکڑا گیا۔ امریکی پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار شخص کا تعلق داعش سے ہے۔
ایف بی آئی اے کے مطابق امریکا ریاست اوہائیو سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، ملزم کانگریس کی عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ٹیکسس کی ایک عدالت میں ایف بی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سنسناٹی شہر سے تعلق رکھنے والا 20 سالہ کرسٹوفر کورنیل واشنگٹن میں کانگریس کی عمارت پر بموں اور دیگر اسلحے سے لیس ہو کر حملہ کرنا چاہتا تھا اور اس مقصد کیلئے اس نے دیسی بم بنانے کے طریقے پر تحقیق کی۔
اس کے علاوہ اس نے ایک نیم خودکار رائفل اور 600 گولیاں بھی خرید رکھی تھیں۔ایف بی آئی کے مطابق کورنیل نے راحیل عبیدہ کے نام سے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا تھا کہ وہ داعش کی حمایت کرتا ہے اور گزشتہ سال نومبر میں اس نے ایک دوست کو کہا تھا کہ وہ ارکان کانگریس کو اپنا دشمن سمجھتا ہے۔