امریکی عدالت نے اسامہ بن لادن کے داماد کو عمر قید کی سزا سنادی

life imprisonment

life imprisonment

نیو یارک (جیوڈیسک) ایک سال تک جاری رہنے والے مقدمے کے بعد امریکی عدالت نے اسامہ بن لادن کے داماد سلمان ابو غیث کو دہشت گردی اور امریکیوں کو قتل کرنے کے الزامات میں عمر قید کی سزا سنادی ہے۔

نیو یارک میں امریکی ڈسٹرکٹ عدالت کےجج نے ابوغیث کوالقاعدہ کی مدد کرنے اور امریکیوں کو قتل کرنے کے الزامات میں سزا سنائی جب کہ رواں سال مارچ میں عدالت نے ان پر امریکیوں کو قتل کرنے کی سازش اور القاعدہ کی مدد کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی تھی۔

جج نے ابو غیث کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہےکہ آپ نے القاعدہ کے امریکیوں کو قتل کرنے کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہر اقدام کیا۔ عدالت کو وہ ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں وہ امریکیوں کو مار دینے کی دھمکی دے رہے ہیں، ابو غیث نے اپنے دفاع میں کہا کہ ان کا کردار صرف مذہبی تھا اور انہوں نے مسلمانوں کی حملہ آوروں کے خلاف حوصلہ افزائی کی تھی۔

ابوغیث اسامہ بن لادن کی سب سے بڑی بیٹی فاطمہ کے شوہر ہیں اورنائن الیون کےواقعے کے بعد ابو غیث القاعدہ کے ترجمان کی حیثیت سے دنیا کے سامنے آئے، ابو غیث کو گذشتہ سال کویت سے گرفتار کر کے امریکا لایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کو 2011 میں پاکستان میں ایک حملے میں امریکی فوجیوں نے ہلاک کر دیا تھا۔