جرائم میں ملوث بین الصوبائی گروہ کا اہم ملزم گرفتار

Police

Police

مٹیاری (جیوڈیسک) مٹیاری پولیس نے قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے اہم ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے، ایس ایس پی مٹیاری امجد شیخ اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان نسیم آرا پنہور نے پر یس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چار ماہ قبل عمرکوٹ میں دو ہندو تاجر بھائیوں اشوک کمار اور ہیرا لعل کے قتل اور ٹنڈو محمد خان میں ہندو ڈاکٹر اور تاجر کے گھروں میں لاکھوں روپے کی ڈکیتی کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے اہم ملزم نوید سولنگی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں

ڈی آئی جی حیدرآباد نے عمرکوٹ میں قتل ہونے والے دو ہندو بھائیوں کے قتل کی تفتیش مٹیاری پولیس کے سپرد کی تھی، جس کے بعد شاہپور پولیس نے حیدرآباد سے نوید سولنگی کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم نے بتایاہے کہ اس کے تین ساتھیوں علی پنہور، پنھل ماچھی اور جمعوں سولنگی نے ٹنڈو محمد خان میں ڈاکٹر کشور لعل اور اشوک کمار کے گھروں سے 113 تولے سونا، 17 لاکھ روپے نقد، 10 دس ہزار امریکی ڈالر اور 2900 درہم لوٹے تھے، لوٹا گیا سونا حیدرآباد کے کوہ نور صرافہ بازار میں جیولر ممتاز شیخ کو فروخت کیا گیا تھا جو فرار ہوگیا ہے، جیولر کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔