واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ دفاع نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق حکومتی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد جوہری اسلحے بہتر انتظامات کے لیے اصلاحات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
امریکی حکومت کی ایک رپورٹ میں جوہری اسلحے کے انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سرد جنگ کے دوران جوہری ہتھیاروں سے لیس آبدوزوں، بین البراعظمی میزائلوں اور جنگی جہازوں کےانتظامات اور نگرانی کیلئے سالانہ بجٹ میں سولہ ارب ڈالرمختص کیئے جاتے تھے جس کی وجہ سے بہترانتظامات ممکن تھے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس وقت امریکا کے پاس ایک ہزارچھ سوبیالیس ایٹمی وارہیڈز، نو سو بارہ میزائل لانچرز اور جنگی جہاز ہیں جبکہ روس کے پاس ایک ہزار چھ سو تینتالیس ایٹمی وارہیڈز اور نو سو گیارہ لانچرز ہیں۔
روس کے ساتھ تخفیف اسلحہ کے معاہدے کے نفاذ کے بعد امریکا اور روس دو ہزار اٹھارہ تک جوہری ہتھیاروں میں کمی کر کے انھیں ایک ہزار پانچ سو پچاس وارہیڈز اور سات سو میزائل لانچرز تک محدود کرنے کے پابند ہوں گے۔