اسلام آباد (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا قافلہ شہر اقتدار میں رواں دواں تھا کہ کشمیر چوک پر چند مشکوک گاڑیاں سکیورٹی حصار توڑ کر قافلے میں داخل ہو گئیں۔
سکیورٹی اہلکاروں کی وارننگ کے باوجود گاڑیاں وہاں سے نہ ہٹیں۔ تعاقب کرنے پر گاڑیاں ڈپلومیٹک اینکلیو میں داخل ہو گئیں۔
بعد ازاں کی جانے والی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ گاڑیاں امریکی سفارتخانے کی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے امریکی سفارتخانے کو تنبیہی خط ارسال کر دیا ہے۔
خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ سفارتخانے کی گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی محدود کی جا سکتی ہے۔ خط میں تنبیہ کی گئی ہے کہ آئندہ ایسا ہوا تو قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔