نئی دہلی (جیوڈیسک) انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی عدالت نے انڈین فلم ’پیپلی لائیو‘ کے فلمساز محمود فاروقی کو ایک امریکی گریجوئیٹ طالبہ کو ریپ کرنے کے جرم میں جمعرات کو سات سال کی سزا سنائی ہے۔
بالی وڈ کے ڈائریکٹر، مصنف اور تھیٹر اداکار محمود فاروقی اس فیصلے کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل کر سکتے ہیں۔
بالی وڈ کے فلمساز پر گذشتہ ہفتے اس وقت فردِ جرم عائد کی گئی تھی جب متاثرہ خاتون نے شکایت کی تھی کہ محمود فاروقی نے نئی دہلی میں واقع اپنے گھر میں نشے کی حالت میں انھیں اس وقت ریپ کیا جب وہ ان کے گھر میں تھیسس کے لیے مدد مانگنے گئی تھیں۔
دوسری جانب محمود فاروقی نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ خیال رہے کہ امریکی خاتون جون سنہ 2014 میں اپنے تھیسس پر کام کرنے کے لیے نئی دہلی منتقل ہوئی تھیں۔
محمود فاروقی کی شادی انڈین فلم ’پیپلی لائیو‘ کی کہانی لکھنے والی انوشا رضوی سے سنہ 2010 میں ہوئی تھی اور وہ اس فلم کے معاون ہدایت کار بھی تھے۔
40 سالہ محمود فاروقی اس مقدمے میں ضمانت پر تھے لیکن عدالت کے جج سنجیو جین نے جمعرات کو ان پر فردِ جرم عائد ہونے کے بعد انھیں جیل بھیج دیا۔