قاہرہ (جیوڈیسک) حماس اسرائیل جنگ بندی کے لیے امریکی وزیر خا رجہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری قاہرہ پہنچ گئے۔ جان کیری آج مصری صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
عرب لیگ نے حماس سے جنگ بندی پر آمادہ ہونے کی اپیل کی ہے۔غزہ کے معاملے پر عالمی رہنما بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ ابان کی مون مشرق وسطی کے دورے کے پہلے مرحلے میں قاہرہ پہنچے ہیں۔
قاہرہ میں مصری وزیر خارجہ سامع شوکری سے ملاقات میں انہوں نے غزہ میں جاری بحران پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل قاہرہ پہنچنے پر ایک پریس کانفرنس میں بان کی مون کا کہنا تھا کہ غزہ میں پرتشدد کارروائیاں بند ہونی چاہئے۔
انہوں نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ اور دونوں فریقین سے مذاکرات کرنے پر زور دیا۔ جان کيری بھی قطر پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اور حماس۔اسرائیل جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔
جان کیری آج مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کریں گے تاکہ حماس کو جنگ بندی پر قائل کیا جا سکے تاہم حماس کے رہنما اسمعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقوں کا محاصرہ مکمل ختم ہونے تک اسرائیل سے لڑائی جاری رہے گی۔
ادھر عرب لیگ نے حماس پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی پر آمادہ ہو جائے ۔وائٹ ہائوس نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ آپریشن کے دوران فلسطینی شہریوں کی حفاظت کے لیے وسیع تر اقدامات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ بے گناہ شہری فوجی کارروائی کا نشانہ نہ بنیں۔