نیویارک (جیوڈیسک) امریکی نائب صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ شام اور عراق میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جاری مہم میں اہم کامیابیاں ملی ہیں۔
جوبائیڈن نے بالٹی مور میں ڈیمو کریٹس کے ایوان نمائندگان کو بتایا کہ امریکا کی معاونت سے عراقی فورسز نے داعش کے خلاف کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ داعش کے زیر قبضہ چالیس فیصد علاقے کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آخر تک رمادی کی طرح داعش کا گڑھ سمجھے جانے والے شہر رقہ اور موصل کو بھی جنگجوؤں سے خالی کرایا جائے گا ۔ انہوں نے شدت پسند تنظیم کے خلاف کامیاب کاروائیوں کو امریکی صدر باراک اوباما کے خارجہ پالیسی کا نتیجہ قرار دے دیا۔
دوسری طرف امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ لیبیا اور دیگر ممالک میں داعش کے پھیلاؤ کی کوششوں کا انسداد کیا جائے گا ۔ صدر اوباما نے قومی سلامتی کے مشیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لیبیا اور دیگر ممالک میں داعش کے پھیلاؤ کی کوششوں کو روکیں۔
صدر کا کہنا ہے کہ امریکاجب ضروری سمجھے گا کسی بھی ملک میں موجود داعش کے دہشت گرد منصوبہ سازوں کا انسداد کرے گا ، خصوصاً لیبیا جیسے ان علاقوں میں جہاں داعش محفوظ ٹھکانے قائم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔