واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے مالی سال 2014 کے لئے 11 کھرب ڈالر کا بل منظور کر لیا، پاکستان کو ملنے والی تین کروڑ تیس لاکھ ڈالر کی امداد ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط کرتے ہوئے شکیل آفریدی پر لگائے گئے امریکی جاسوسی کے الزامات بھی واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
کانگریس میں بل پر ہونے والی ووٹنگ کے دوران بل کے حق میں 359 اور مخالفت میں 67 ووٹ پڑے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں دی جانے والی پاکستانی امداد کو اسامہ کی تلاش میں مدد کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط کر دیا گیا جبکہ اس پر لگائے گئے الزامات بھی واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شکیل آفریدی کی رہائی کی شرط ری پبلکن اور ڈیمو کریٹس دونوں جماعتوں کی رضا مندی سے عائد کی گئی ہے۔
بجٹ مسودے میں پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں ہونے والے اخراجات کی ادائیگی کی معیاد کو ایک سال کے لئے بڑھانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ بل کو اب سینٹ میں منظوری کے لئے بھیجا جائے گا۔