واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں مسلمانوں کیلئے قوانین مزید سخت ہونے چاہئیں۔
امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی میں روسی سفیر کے قتل اور جرمنی میں کرسمس مارکیٹ پر ٹرالر چڑھائے جانے سے ہونے والی 9 ہلاکتوں پر شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں مسلمانوں کے لیے مزید سخت قوانین ہونے چاہئیں۔
فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مسلمانوں پر پابندی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تاریخ نے ہمیشہ مجھے سو فیصد درست ثابت کیا ۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ بہت ہی افسوس ناک ہے ۔ سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ میرا منصوبہ کیا ہے ۔ جرمنی میں کرسمس مارکیٹ پر حملہ انسانیت سوز ہے ۔ ایسے حملے جلد روکے جانے چاہئیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران مطالبہ کیا تھا کہ امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ 20 جنوری کو صدر کے منصب پر فائز ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں مسلمانوں کا داخلہ محدود کرنے کے حوالے سے سخت تر قوانین نافذ کریں گے۔
جرمنی میں تین دن قبل ہونے والے حملے پر اپنے رد عمل میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ داعش اور دیگر انتہا پسند گروپ عالمی جہادی منصوبے کے تحت اپنے اپنے زیر اثر علاقوں میں عیسائیوں کو قتل کر رہے ہیں اور ان کے معبد تباہ کیے جا رہے ہیں۔