کیلی فورنیا (جیوڈیسک) امریکا میں کرائے گئے سروے میں اکثریت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیدیا۔
ایک امریکی یونی ورسٹی کی جانب سے کرائے گئے سروے میں 51 فیصد ووٹروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیا ہے تاہم 49 فیصد ووٹروں کی رائے اس کے برعکس تھی۔
سروے میں شامل 59 فیصد خواتین اور 41 فیصد مردوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ افریقن امریکنز پر ان کی تنقید کے پیچھے کوئی نسل پرستانہ حکمت عملی نہیں ہے بلکہ ایک تقریب میں انہیں خود نفرت کا نشانہ بنایا گیا۔
اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے سیاہ فاموں کی اکثریت والے شہر بالٹی مور کو سڑی ہوئی گندگی کہہ کر مخاطب کیا تھا اور وہاں سے منتخب رکن عالی جاہ کمنگز کے خلاف نسل پرستانہ بیان دیا تھا۔
اس بیان پر اسپیکر ایوان نمائندگان سمیت کئی رہنماؤں نے صدر ٹرمپ پر شدید تنقید کی ہے۔
چند روز قبل بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاہ فام امریکی اراکین پارلیمنٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں واپس اپنے وطن لوٹ جانے کا مشورہ دیا تھا۔